وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا
کراچی:(ویب ڈیسک) وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا، مراد علی شاہ نے 5 سال سے کم عمربچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے اور تحائف دیے۔
اس حوالے سے وزیرِاعلیٰ سندھ کے ترجمان نے کہا ہے کہ انسداد پولیو مہم 13 سے 19 مارچ تک جاری رہے گی، وزیرِاعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ کراچی میں 40 ہزار سے زائد ورکرز اور 2300 کے قریب سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں، ملک میں اپریل 2022ء سے اب تک پولیو کے 20 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پولیو کے تمام کیسز کا تعلق جنوبی خیبر پختونخوا سے ہے، 33 ماہ سے سندھ میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، ہمیں مطمئن نہیں ہونا چاہیے اور محنت جاری رکھنی چاہیے، ویکسینیشن کے ذریعے بچوں کو پولیو سے بچایا جا سکتا ہے۔
وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے والدین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اوراپنے 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں۔