9 مئی کے یوم سیاہ اور15 مئی کے احتجاج میں فرق پوری دنیا نے دیکھ لیا: مریم نواز
لاہور:(سنو نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازنے شاہراہ دستور پر احتجاج میں آنے والے کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائدین اور کارکنوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتی ہوں ۔
مریم نواز شریف نے جمعیت علمائے اسلام (ف)، پی پی پی، اے این پی سمیت پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کے قائدین، سیاسی کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ شدید گرمی میں بڑی تعداد میں خواتین، بچوں اور نوجوانوں کے شرکت کرنے پر بھی شکریہ ادا کرتی ہوں، میڈیا کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے سخت موسم اور حبس میں اپنی ذمہ داریاں نبھائیں آئین کی سربلندی اور آزاد و غیر جانبدار سپریم کورٹ کے لئے آواز بلند کرنے آئے۔
انہوں نے کہا کہ ہزاروں کارکنوں کی آمد اور روانگی ہوئی لیکن ایک شاخ، گملا نہیں ٹوٹا، کوئی عمارت جلی نہ گاڑی، کوئی ایمبولنس روکی گئی نہ کسی پولیس اہلکار کا سر پھٹا، یہ ہوتا ہے عوام کا احتجاج۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے مزید کہا کہ 9 مئی کے یوم سیاہ اور15 مئی کے عوامی احتجاج میں فرق پوری دنیا نے دیکھ لیا، 9 مئی کو عمرانی منصوبہ بندی کے تحت دہشت گردی کیسے ہوتی ہے اور ایک دن کی کال پہ عوام خود کیسے امڈ آتی ہے، فرق سامنے آگیا حق، انصاف اور آئین کے لئے آواز اٹھانے اور چوری چھپانے کی خاطر پاکستان کو جلانے میں کیا فرق ہے۔
انہوں نے کہا کہ عارف علوی کے خلاف اشتعال کے باوجود کسی کارکن نے ایوان صدر کا رخ نہیں کیا، عوام جانتے ہیں کہ یہ اپنے آئینی حلف کی خلاف ورزی کرنے والے شخص کا گھر نہیں، اپنی چوری چھپانے کے لئے ملک جلانے اور انصافی کے خلاف آواز اٹھانے میں یہ فرق ہوتا ہے۔