پولو ٹورنامنٹ: بلیو ورلڈ سٹی کی ٹیم نے ٹائٹل اپنے نام کرلیا
اسلام آباد: (رپورٹ، شہریار خان) بلیو ورلڈ سٹی اسلام آباد نے سجایا ، بادشاہوں کے کھیل پولو کا دلچسپ میلہ، بلیو ورلڈ سٹی کی ٹیم نے شعیب اختر انکلیو کی ٹیم کوشکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
بلیو ورلڈ سٹی پولوٹورنامنٹ 2023 ء میں چوٹی کی چھ ٹیموں نے شرکت کی ، مایہ ناز گھڑ سواروں نے ایونٹ میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔
اسلام آباد کلب پولو گراونڈ میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ میں شہہ سواروں نے بادشاہوں کے اس کھیل میں اپنی بھرپور مہارت دکھائی ۔ مخالف گول پوسٹ کی جانب دوڑتے گھوڑوں کو دیکھ کر شائقین کا جوش و خروش بھی بڑ ھ جاتا ہے توگول ہونے پر گھڑ سواروں کو داد بھی خوب ملتی ہے۔
بلیو ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے سی ای او چوہدری بریر نذیر کاکہناہے کہ بلیو ورلڈ سٹی مختلف کھیلوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہے ، پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا گراونڈ بنانے کیساتھ شاندار پولو گراونڈ بھی منصوبے کا حصہ ہے ۔
پولو ایونٹ میں حصہ لینے والے کھلاڑی حمزہ کا کہنا تھا کہ پولو کے کھیل کے فروغ میں بلیو ورلڈ سٹی کی کا وشوں پر کھلاڑی بھی خوش ہیں اور اقدامات کو سراہتے ہیں۔ جبکہ شعیب اختر انکلیو کی ٹیم کے کپتان رضا اکرم نے ایونٹ کے انعقاد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ٹورنامنٹس کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے ۔
ٹورنامنٹ کے فائنل کے مہمانان خصوصی فرانس کے سفیر نکولس گیلے اور بلغاریہ کی سفیر مس ارینا گنشیوا نے فاتح ٹیم کو ٹرافی اور کھلاڑیوں کوانعامات سے نوازا۔