Homeتازہ ترینپرامن احتجاج کیلئے تیار رہیں، عمران خان نے کارکنوں کو ہدایت کردی

پرامن احتجاج کیلئے تیار رہیں، عمران خان نے کارکنوں کو ہدایت کردی

PTI chairman Imran Khan

پرامن احتجاج کیلئے تیار رہیں، عمران خان نے کارکنوں کو ہدایت کردی

لاہور: (سنو نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نےکارکنوں کو اگلی کال پر پر امن احتجاج کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کر دی، عوام کے نام خصوصی ویڈیو پیغام جاری کر دیا گیا۔

عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ جب چنگیز خان ایک شہر فتح کرتا تھا تو قتل عام کرتا تھا،اور پھر جو چند لوگ زندہ چھوڑتا تھا ان کو چاروں طرف پھیلا کر کہلواتا تھا کہ جاکر دنیا کو بتائو میں کتنا ظالم ہوں، میری کتنی دہشت ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ اس کے نتیجے میں تمام شہر بغیر کسی مزاحمت کے ہاتھ کھڑے کرلیتے تھے۔ پاکستان میں بھی آج اس صورتحال سے گزر رہا ہے۔ ظلم کی داستانیں ٹی وی پر چلائی جا رہی ہیں۔ لوگوں کے گھروں کو مسمار کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کی ویڈیوز سوشل میڈیا اور ٹی وی چینلز پر چلائی جا رہی ہیں، عورتوں پر کبھی کہیں ایسا ظلم روا نہیں رکھا گیا جو بے حرمتی اور ظلم آج پاکستان میں عورتوں پر کیا جارہا ہے۔ سڑکوں پر کھڑے لوگوں کو گرفتار اور اغواء کر کے جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہر قسم کا خوف اس لیے پھیلایا جارہا ہے تاکہ لوگوں کو ڈرایا جاسکے، اور کوئی بھی مزاحمت کے لیے باہر نہ نکلے۔ یہ ظلم عوام کو غلام بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے، میرے پاکستانیوں یہ وقت اپنی آزادی لینے کا ہے، حقیقی آزادی کے لیے ہم سب کو قربانیاں دینی پڑیں گی، عوام فیصلہ کرلے کہ ہم نے یہ ظلم برداشت نہیں کرنا اور آئین و قانون اور عدلیہ کی بالادستی کروانی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں آئینی طریقے سےآزادانہ انتخابات چاہیے، ہمیں اپنے منتخب کردہ نمائندے چاہیں اور چوروں کی حکمرانی سے نجات چاہیے تو اس وقت ہم حقیقی معنوں میں آزاد ہوجائیں گے۔ عوام نے اس خوف کے بت کو توڑنا ہے۔ جب بھی احتجاج کی کال آئے ، عوام نے اپنے حقوق اور حقیقی آزادی کے لیے پر امن طریقے سے اپنے گھروں سے نکلنا ہے۔

Share With:
Rate This Article
No Comments

Leave A Comment