احتجاج میں شرکت کرنے والے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پنشن روکنے کی تجویز
اسلام آباد: (سنو نیوز) پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کی شدید مذمت کرتے ہوئے احتجاج میں شرکت کرنے والے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پنشن روکنے کی تجویز دیدی ہے۔
کمیٹی نے رجسٹرار سپریم کورٹ کو پیش ہونے کاایک اور موقع دیتے ہوئے کہا کہ 23 مئی کو اجلاس میں شرکت کریں ورنہ سمن اور وارنٹ جاری کریں گے۔ پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین نور عالم خان کےزیرصدارت اجلاس ہوا، جس میں سپریم کورٹ سے متعلق اپروپری ایشن اکاؤنٹس کا جائزہ لیاجانا تھا۔
تاہم سپریم کورٹ کے پرنسپل اکاؤنٹنگ افسر رجسٹرار کمیٹی اجلاس میں شریک نہ ہوئے ۔ نور عالم خان نےکہا پرنسپل اکاؤنٹنگ افسر کو اپنی گپ شپ کے لئے نہیں بلاتا، یہ ایسا ادارہ ہے جس میں روپیہ تو چھوڑ دیں،آنہ بھی غلط نہیں ہونا چاہیے۔
نورعالم خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے رجسٹرار کا خط اسپیکر کو بھجوایا ہے کہ اس پر لیگل رائے چاہیے، ہم انہیں ایک اور موقع دیتے ہیں کہ وہ آئندہ اجلاس میں نہیں آئے تو ہم ان کے سمن اور وارنٹ گرفتاری دونوں جاری کریں گے۔ اسٹیٹ بینک کے گورنر ڈیم فنڈ اکاؤنٹس کی تفصیلات آڈیٹر جنرل کو فراہم کریں۔
چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو ایک واقعہ ہوا، اس میں کچھ ایسے لوگ ملوث تھے جو ریٹائرڈ تھے جو بھی ریاست مخالف جاتا ہے، اس کی اس کی پنشن اور مراعات روکنی چاہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جو لڑکے جلاؤ گھیراؤ میں ملوث ہوتے ہیں، ان کے کریکٹر سرٹیفکیٹ میں لکھا جائے، کور کمانڈر کے گھر پر حملے کوکیوں نہیں روکا گیا، حملے میں ملوث افراد کے خلاف ایکشن لیا جائے۔