پولیس کا زمان پارک میں آپریشن، درجنوں کارکن گرفتار
لاہور : سابق وزیراعظم و تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے توشہ خانہ کیس میں پیشی کیلئے اسلام آباد روانہ ہوتے ہی کچھ دیر بعد زمان پارک لاہور میں پولیس نے آپریشن شروع کردیا اور گیٹ توڑ کر عمران خان کے گھر کے اندر داخل ہوگئی ہے ۔
پولیس کی بھاری نفری زمان پارک پہنچی اور پی ٹی آئی کارکنوں کے متعدد خیمے اکھاڑ دیے گئے جبکہ علاقے میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی ہے جبکہ پولیس نے درجنوں پی ٹی آئی کارکنوں کو گرفتاربھی کیا۔
پولیس کا زمان پارک میں آپریشن، متعدد کارکن گرفتار
مزید تفصیلات: https://t.co/qbphTI57z0#imrankhanPTI #ZamanPark_under_attack #sunonewshd pic.twitter.com/cTjaOnwu3o— SUNO NEWS HD (@sunotvhd) March 18, 2023
پولیس کی طرف سے قیدیوں کو لے جانے والی وین اور واٹر کینن کو بھی کینال روڈ پر پہنچا دیا گیا جبکہ زمان پارک میں کرینیں بھی پہنچا دی گئی ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ کارکنان زمان پارک میں واقع گراؤنڈ اور عمران خان کی رہائش گاہ کے قریب کیمپوں میں موجود ہیں۔
پولیس عمران خان کی رہائشگاہ میں گیٹ توڑ کر داخل ہوگئی ، پہلے واٹر کینن نے عمران خان کے گھر میں پانی پھینکنا شروع کیا جبکہ کرین کی مدد سے تمام رکاوٹیں ہٹائی جا رہی ہیں۔
عمران خان کے گھر میں کارکنوں اور اینٹی رائیٹ فورس کے درمیان شدید تصادم کے دوران پی ٹی آئی کے 6 کارکن زخمی ہوگئے ہیں جبکہ ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا ہے ، پولیس کا کہنا ہے کہ عمران خان کے گھر کے اندر سرچ آپریشن کیا جائے گا۔
چار ایس پیز اینٹی رائٹ فورس کو لیڈ کررہے ہیں جبکہ پولیس کے ایک ہزار جوان آپریشن میں شامل ہیں۔
پولیس کے زمان پارک میں آپریشن پر پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ لاہور میں عمران خان کے گھر پر بزدلانہ حملہ ہوا ہے،عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بیگم جو ایک پردہ دار گھریلو خاتون ہیں چادر اور چاردیواری کے تمام اصول پامال کر کے پولیس گھر میں گھس گئی ہے ۔