گھر پر چھاپے وعملے پر تشدد کا معاملہ:عمران خان کا عدالت جانے کا فیصلہ
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے زمان پارک میں گھر پر چھاپے اور عملے پر تشدد کے معاملے پر عدالت جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ میرے گھر پر پولیس کا حملہ توہین عدالت ہے، عدالتی حکم پر ہم نے اتفاق کیا تھا کہ سرچ وارنٹ کیلئے ایس پی پی ٹی آئی کے ایک فرد سے رابطے میں رہے گا۔
آج میری رہائشگاہ پر کیا جانے والا حملہ سب سے پہلے تو توہینِ عدالت تھا۔ہم نے اتفاق کیا تھا کہ ایک SP ہمارے ایک نمائندے کے ساتھ سرچ وارنٹس پر عمل کروائے گا کیونکہ ہمیں علم تھا کہ بصورت دیگر وہ خود سے کچھ نہ کچھ مواد گھر میں رکھ دیں گے،جیسا کہ انہوں نے آج کیا بھی! pic.twitter.com/eTsV3PYoAh
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) March 18, 2023
عمران خان نے کہا کہ سرچ آپریشن کے دوران کس قانون کے تحت میرے گھر کا دروازہ توڑا گیا اور درخت اکھاڑے گئے اور ہتھیاروں سے لیس اہلکار میرے گھر میں داخل ہوئے؟۔
انہوں نے کہا کہ یہ سب اُس وقت ہوا جب میں اسلام آباد کی عدالت میں پیشی کیلئے زمان پارک سے روانہ ہوا، اس دوران بشریٰ بی بی گھر پر اکیلی تھیں جو مکمل غیر سیاسی خاتون ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ’چادر اور چار دیواری کی پامالی اسلامی اصول کے خلاف ہے‘۔ عمران خان نے اعلان کیا کہ گھر کے تقدس کی پامالی اور عملے پر ہونے والے تشدد کے معاملے پر عدالت جارہا ہوں‘۔
میری عدالت میں پیشی کےموقع پر آنےوالےتمام لوگوں کا شکرگزار ہوں۔سب جانتےہیں کہ مجرموں کا گروہ ہر حال میں انتخابات تک مجھے پابندِ سلاسل کرناچاہتاہے۔پہلےہی مجھ پر 96مقدمات قائم کئے جاچکے ہیں اور مجھے یقین ہےکہ آج کی اپنی پیشی کےبعد میں خود پر مقدمات کی پہلی سنچری مکمل کر لوں گا۔ pic.twitter.com/G1HBWY1b3O
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) March 18, 2023
دوسری جانب عمران خان نے عدالت میں پیشی کے موقع پر آنے والے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ مجرموں کا گروہ ہر حال میں انتخابات تک مجھے پابندِ سلاسل کرنا چاہتا ہے، ۔پہلے ہی مجھ پر 96 مقدمات درج ہیں اور مجھے یقین ہے کہ آج کی اپنی پیشی کے بعد میں خود پر مقدمات کی پہلی سنچری مکمل کر لوں گا۔