جوڈیشل کمپلیکس ہنگامہ آرائی: عمران خان سمیت دیگررہنماؤں کیخلاف مقدمہ درج
اسلام آباد: جوڈیشل کمپلیکس کے باہر ہنگامہ آرائی پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں و کارکنوں کیخلاف انسداد دہشتگردی ایکٹ سمیت 10 سنگین نوعیت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ہنگامہ آرائی توڑ پھوڑ کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کیا گیا، مقدمے میں عمران خان، شبلی فراز، اسد عمر،عمر ایوب،علی امین گنڈا پور، فرخ حبیب، حماد اظہر کو نامزد کیا گیا ۔
ایف آئی آر کے مطابق پولیس چیک پوسٹ کو نقصان پہنچایا گیا، جوڈیشل کمپلیکس کا مین گیٹ اور شیشے توڑے گئے، جلاؤ گھیراؤ، پتھراؤ اور جوڈیشل کمپلیکس کی عمارت کی چیزیں توڑنے والے ملزمان گرفتار کئے گئے، پولیس کی گاڑیوں،موٹر سائیکلوں کو جلایا گیا، ایس ایچ او گولڑہ کی سرکاری گاڑی کو نقصان پہنچایا گیا،متن کے مطابق پستول، 50ہزار روپے،10 پولیس ملازمین کی اینٹی رائٹ کٹ چوری کی گئیں۔
سرکاری املاک اور پولیس کی گاڑیوں کو پہنچنے والے نقصان کی رپورٹ تیار کرکے وزارت داخلہ کو بھجوائی جائے گی، ذرائع کے مطابق وفاقی پولیس، ایف سی پر پٹرول بموں سے چاروں اطراف سے حملے کئے گئے اور ٹیئر گیس شیلنگ کی گئی جن کے خول پولیس نے جمع کر لئے ہیں جن کی شناخت بھی کروائی جا رہی ہے۔