جسم میں ہیموگلوبن کی کمی کو دور کرنے والے مشروبات
اگر آپ کے جسم میں ہیموگلوبن کی کمی ہے تو یہ کئی سنگین مسائل کی وجہ بن سکتی ہے۔ ایسی صورتحال میں آپ ہیموگلوبن کی سطح بڑھانے کے لیے کچھ گھریلو ٹوٹکے اپنا سکتے ہیں۔ آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ ہیموگلوبن کو برقرار رکھنے کے لیے کون سے مشروبات کو خوراک میں شامل کیا جاسکتا ہے۔
تفصیل کے مطابق صحت مند رہنے کے لیے یہ بہت ضروری ہے کہ ہم ہیموگلوبن کی کمی سے بچیں۔ جسم میں ہیموگلوبن کی کمی بہت سے سنگین مسائل پیدا کر سکتی ہے۔ ہیموگلوبن ایک پروٹین ہے، جو جسم کے مختلف حصوں میں آکسیجن پہنچانے کا کام کرتا ہے۔ اگر کسی شخص کے جسم میں ہیموگلوبن کی مقدار کم ہونے لگے تو یہ خون کی کمی کا باعث بن سکتا ہے۔
ایسی صورتحال میں اگر آپ کے خون میں ہیموگلوبن کی کمی ہے تو اس کے لیے آپ کچھ صحت بخش مشروبات پی سکتے ہیں۔ آج ہم آپ کو کچھ ایسے ہی صحت بخش مشروبات کے بارے میں بتائیں گے، جنہیں پینے سے آپ کو توانائی ملے گی اور ہیموگلوبن کی سطح بھی بڑھے گی۔
انار کا جوس:
انار کا جوس خون میں ہیموگلوبن بڑھانے کے لیے ایک بہترین آپشن ہے۔ دراصل، انار میں آئرن اور وٹامن سی کی کافی مقدار پائی جاتی ہے۔ ایسی حالت میں اس کا رس پینے سے جسم میں خون کی کمی دور ہو جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ آکسیجن کی سپلائی بھی بہتر طریقے سے ہو گی۔
چقندر کا جوس:
آپ جسم میں ہیموگلوبن کی سطح کو بڑھانے کے لیے چقندر کا جوس پی سکتے ہیں۔ گرمیوں میں اگر آپ کے خون میں ہیموگلوبن کی سطح کم ہو تو آپ چقندر کا استعمال کر سکتے ہیں۔ دراصل چقندر میں بہت زیادہ آئرن ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ اس میں پوٹاشیم، وٹامن سی اور مینگنیز کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے۔ آپ دن بھر چقندر کا جوس ایک کپ پی سکتے ہیں۔
پالک کا رس:
اگر جسم میں ہیموگلوبن کی سطح کم ہو تو آپ پالک کا رس پی سکتے ہیں۔ یوں تو پالک کا استعمال سردیوں میں زیادہ کیا جاتا ہے لیکن آپ گرمیوں میں بھی پالک کا رس استعمال کر سکتے ہیں۔ پالک آئرن، وٹامن اے، وٹامن سی جیسے غذائی اجزاء سے بھرپور ہوتی ہے۔ یہ جسم میں خون کی مقدار بڑھانے میں بہت مددگار ہے۔