ٹی بی جان لیوا مرض، ڈبلیو ایچ او کے تعاون سے آگاہی واک
لاہور:(سنو نیوز) ٹی بی ایک خطرناک مرض ضرور ہے لیکن بر وقت تشخیص اور علاج سے 93 فیصد مریض مکمل صحت یاب ہوجاتے ہیں، شہریوں میں شعور پیدا کرنے کے لیے پمزہسپتال میں وزارت صحت نے ٹی بی ملیریا اور عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے آگاہی واک اور سمینار کا انعقاد کیا ۔
پاکستان میں مریضوں کی تعداد 6 لاکھ سے تجاوز کر گئی، دنیا میں ٹی بی کے مرض کے پھیلاو میں پاکستان کا پانچواں نمبر ہے جبکہ ملٹی ڈر گ ٹی بی ریزیسٹنٹ مریضوں کی تعد ا د بھی 15 ہزار سے زائد ہے، جنوری 2022 سے اب تک ملک میں ٹی بی کے 91 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں وزارت صحت، کامن مینجمنٹ یونٹ ایڈز، ٹی بی ملیریا اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے تعاون سے سیمینار اور آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل کوآرڈینیٹربرائے کامن مینجمنٹ یونٹ ایڈز، ٹی بی ، ملیریا، مصطفی ٰ جمال قاضی نے کہا کہ حکومت پاکستان اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن ملک سے ٹی بی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہے، عالمی اداہ صحت کی نمائندہ ڈاکٹر پلیتھا ماہیپلا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹی بی کے خاتمے کیلئے ہونیوالی پیشرفت خوش آئند ہے۔
سپیشل سیکرٹری ہیلتھ مرزاناصر الدین مشہود احمد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک سے ٹی بی کا جلد خاتمہ ہوگا، پاکستان میں ٹی بی کی تشخیص اور علاج کیلئے ملک بھر میں پانچ ہزار سے زیادہ مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں مفت ٹیسٹ اور ادویات کی سہولت میسر ہے۔
تقریب کے اختتام پرملک سے ٹی بی کے خاتمے کیلئے خدمات سرانجام دینے والوں میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔